پاکستان کی جانب سے امریکا کو طبی حفاظتی سامان کا تحفہ

May 22, 2020

امریکاکے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے افواج پاکستان کی جانب سےامریکی مسلح افواج کو طبی حفاظتی سامان کا تحفہ دیا گیا ہے۔

طبی حفاظتی سامان اسلام آباد سے پاک فضائیہ کے سی -130 طیارےکے ذریعے میری لینڈ کے اینڈریوایئر فورس بیس پہنچا، اس موقع پر پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان سمیت سفارتخانے کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

امریکا کے قائم مقام اسسٹنٹ سیکرٹری برائے دفاع برائے انڈو پیسیفک سیکورٹی امور، ڈیوڈ ہیلوےسمیت ڈائریکٹر ریجنل افیئرز برائے ڈپٹی انڈر سیکرٹری آف ایئر فورس انٹرنیشنل افیئرز، بریگیڈیئر جنرل میتھیو ازلر اور دیگر عہدیدار بھی ایئرپورٹ آئے تھے۔

ڈاکٹر اسد مجید خان نے اس موقع پر کہا کہ یہ اقدام قدرتی آفات سے نمٹنے میں دونوں ممالک کی مسلح افواج کے مابین دیرینہ اور قریبی تعاون کا مظہر ہے، دونوں ممالک کی مسلح افواج نے دہشت گردی کے خلاف ملکر مقابلہ کیا ہے۔