یوم تکبیر بلوچستان میں بھرپور طریقے سے منایاجائیگا‘ ن لیگ

May 28, 2020

کوئٹہ(پ ر)پاکستان مسلم لیگ (ن) کوئٹہ ڈویژن کے صدر محمد رحیم کاکڑ، جنرل سیکرٹری نسیم الرحمان، آغا عمر شاہ، جنرل سیکرٹری کوئٹہ جاوید اقبال، صدر تحصیل نانا صاحب میر وائس کاکڑ ایڈووکیٹ، طارق بٹ ایڈووکیٹ و دیگر نے بیان میں کہا ہے کہ 28مئی یوم تکبیر بھرپور طریقے سے منایا جائے گا۔ یونٹ، تحصیل کی سطح پر یوم تکبیر بھرپور طریقے سے منانے کیلئے کارکن تیاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ جب بھارت نے ایٹمی دھماکے کئے تو اس کے جواب میں قائد میاں نوازشریف نے عالمی دبائو کے باوجود بھارت کو منہ توڑ جواب دیکر پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں ٹڈی دل سے متاثرہ اضلاع کوئٹہ، مستونگ، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، زیارت و دیگر اضلاع میں ٹڈی دل نے فصلوں کو تباہ کردیا جس سے زمینداروں کو مالی نقصان کیساتھ ان کی تیار فصلیں تباہ ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام ایک جانب کورونا سے تباہ ہوگئے تو دوسری جانب ٹڈی دل نے رہی سہی کسر پوری کردی۔ حکومت فوری طور پر متاثرہ اضلاع میں ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے اقدامات کرے۔