خواجہ آصف نیب لاہور میں کل دوبارہ طلب

July 02, 2020

خواجہ آصف نیب لاہور میں کل دوبارہ طلب

نیب لاہور نے مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ آصف کو کینٹ ہاؤسنگ سوسائٹی سیالکوٹ کیس میں کل 3 جولائی کو دوبارہ طلب کر لیا ہے۔

ترجمان نیب لاہور کے مطابق خواجہ آصف کو دن 11 بجے ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہےاس سے پہلے انہیں 26 جون کو طلب کیا گیا تھا لیکن قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں شرکت کے باعث ان کی جانب سے دوبارہ نئی تاریخ مانگی گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق نیب حکام نےخواجہ آصف کے وکیل نجم الحسن کی جانب سے جمع کرایا گیا جواب غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے دوبارہ طلب کیا تھا۔

خواجہ آصف کو بھیجے گئے سوال نامے میں پوچھا گیا تھا کہ کینٹ ہاؤسنگ سوسائٹی سیالکوٹ میں آپ نے اور اہلخانہ نے کتنی انویسٹمنٹ کی اور سرمائے کے ذرائع کیا ہیں۔

سوالنامے میں مزید پوچھا گیا کہ آپ نے سوسائٹی انتظامیہ کی ملی بھگت سے 137 کنال اراضی غیر قانونی فروخت کی، آپ نے سوسائٹی انتظامیہ کی ملی بھگت سے ان شہریوں کی زمین پر قبضہ کیا جنہوں نے سوسائٹی کو زمین نہیں بیچی۔

سوالنامے میں کہا گیا کہ آپ نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے ریونیو اتھارٹی سے منظوری لی ۔

واضح رہے کہ نیب کی جانب سے اس کیس میں خواجہ آصف کی اہلیہ اور بیٹے کو بھی شامل کیا گیا ہے۔