وقت ہاتھ سے نہیں نکلا امید ہے عمران جلد فیصلے کریں گے،فواد

July 07, 2020

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہاہے کہ ابھی بھی وقت ہاتھ سے نہیں نکلا امید ہے عمران خان جلد فیصلے کریں گے پی ٹی آئی کی حکومت ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی حکومتوں سے بہت بہتر چل رہی ہے،وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا کہ دستخط شدہ جے آئی ٹی دستاویز کو جھٹلانا بہت بچگانہ سی بات ہے۔

علی زیدی جے آئی ٹی کو جھوٹی کہتے ہیں تو اپنی بات ثابت کریں،میزبان شاہزیب خانزادہ نے اپنے تجزیئے میں کہا کہ ملکی سیاست میں مائنس ون کا معاملہ گرم ہے۔ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ ملک میں اتنا بڑا بحران نہیں جتنا شاہد خاقان عباسی بتاتے ہیں، سیاسی حکومت کے ہمیشہ ایشوز رہتے ہیں۔

صرف پاکستان ہی نہیں دنیا کے دیگر ممالک کی معیشت کو مسائل کا سامنا ہے، پی ٹی آئی کی حکومت ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی حکومتوں سے بہت بہتر چل رہی ہے، حکومت سے لوگوں کو توقعات بہت زیادہ ہیں انہیں پوری کرنا ہماری ذمہ داری ہیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اصلاحات اور اختلافی بات عمران خان کے علاوہ کسی سے نہیں کی جاسکتی، میں جو باتیں کرتا رہتا ہوں پی ٹی آئی کے علاوہ کسی اور پارٹی میں ہوتا تو اب تک فارغ ہوچکا ہوتا، صوبوں کو وزیراعظم عمران خان کا ساتھ دینا چاہئے، سب کو وزیراعظم کے وژن میں اپنا حصہ ڈالنے کی ضرورت ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ہم نے اصلاحات کے جس عمل کا وعدہ کیا تھا وہ ابھی وفا نہیں ہوا ہے۔اس ملک میں اصلاحات اور گورننس کی بہتری کیلئے صرف عمران خان ہی قدم اٹھاسکتا ہے، آئندہ چند مہینوں میں آپ کو تلخ سوالات کے جواب عملی طور پر ملیں گے، گورننس کیلئے بیوروکریٹک ٹیم کی بہت اہمیت ہے، بیوروکریسی نے ڈیلیوری کرنی ہوتی ہے۔

اگر بیوروکریسی کی ٹیم وژن کے مطابق نہ ہو تو مسائل آتے ہیں، ہمیں پہلے سال ہی پبلک سیکٹر کے اداروں کی نجکاری کی طرف جانا چاہئے تھا، اسی طرح کئی بنیادی فیصلے جلد کرلینے چاہئے تھے لیکن ابھی بھی وقت ہاتھ سے نہیں نکلا امید ہے عمران خان جلد فیصلے کریں گے۔شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ ملکی سیاست میں مائنس ون کا معاملہ گرم ہے جو اب مائنس تھری اور مائنس 160 تک پہنچ گیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی اسمبلی میں مائنس ون کی تقریر کے بعد شیخ رشید نے مائنس تھری کی بات کردی جبکہ ن لیگ کے رہنما شاہد خاقا ن عباسی کا کہنا ہے کہ اگر ہوگا تو مائنس 160 ہوگا، یہ سب کچھ ایسے وقت میں ہورہا ہے جب اندرونی اختلافات کی خبریں پارٹی کے رہنما خود بتارہے ہیں، اتحادی جماعت بی این پی مینگل حکومت سے علیحدہ ہوچکی ہے۔