انڈسٹری کے لوگ آپکو ناکام بنانے کیلئے منصوبہ بندی کرتے ہیں، روینہ ٹنڈن

July 08, 2020

ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) بولی وڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کے انتقال کے بعد سوشل میڈیا سے لے کر انڈسٹری کے اندر تک ہر جگہ اقربا پروری کے حوالے سے زبردست بحث چھڑ گئی ہے، جہاں ایک طرف لوگ کئی فلم سازوں پر تنقید کر رہے ہیں وہیں دوسری طرف اسٹارز کے بچوں پر بھی طرح طرح کے الزامات عائد کئے جارہے ہیں۔ اس دوران اداکارہ روینہ ٹنڈن نے حیران کن انکشاف کیا ہے۔ انہوں نے نیپوٹزم کے سلسلے میں بات چیت کے دوران ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ روینہ ٹنڈن کا کہنا ہے کہ وہ بھی اس مرحلے سے گزر چکی ہیں۔اداکارہ روینہ ٹنڈن نے پہلے بھی اپنے انسٹا گرام پوسٹ میں سشانت سنگھ راجپوت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کئی باتیں کہی تھیں۔ وہیں اب ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق روینہ ٹنڈن نے سوشل میڈیا پر پھیلی باتوں پر تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اسے سنسنی خیز بنانا بند کریں، آپ کسی پر الزام نہیں لگا سکتے، فلم انڈسٹری پر بھی نہیں۔ لوگ صرف ایک ہی طرح سے سوچ رہے ہیں۔ یہ اس بے چارے لڑکے کے لئے کسی توہین سے کم نہیں ہے’۔ روینہ ٹنڈن نے مزید لکھا کہ ’میں مانتی ہوں، یہاں پر سیاست ہے۔ کچھ اچھے لوگ ہیں تو کچھ برے لوگ بھی ہیں اورکچھ ایسے لوگ بھی ہیں، جو آپ کی ناکامی کیلئے منصوبہ بندی بھی کرتے ہیں۔ میں خود اس سے گزرچکی ہوں۔ یہ وہی لوگ ہیں جو آپ کو نیچا دکھاتے ہیں، فلم سے نکلوا دیتے ہیں’۔ روینہ ٹنڈن کا ماننا ہے کہ ’ایسے لوگ ہر انڈسٹری میں ہیں، لیکن ہم ایک ہائی پروفائل گلیمر جاب میں ہیں، جہاں پرایسی چیزیں ہائی لائٹ ہوجاتی ہیں’۔روینہ ٹنڈن نے اپنے اس انٹرویو میں سوشل میڈیا پر غلط باتیں پھیلانے والے صارفین کی کلاس لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں کسی پر براہ راست طور پر الزام لگانا پوری طرح سے غلط ہے۔ انہوں نے کرن جوہر کی حمایت کرتے ہوئے ان پر عائد الزامات کو پوری طرح سے بکواس اور جھوٹ قرار دیا ہے۔