صدر مملکت نے وفاقی اُردو یونیورسٹی کے سینیٹ اجلاس کی روداد کی توثیق کردی مستقل وائس چانسلر کی سرچ کمیٹی فعال

July 08, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صدر پاکستان اور وفاقی اُردو یونیورسٹی کے چانسلر ڈاکٹر عارف علوی نے سینیٹ کے 42ویں اجلاس کی روداد کی توثیق کردی جس کے نتیجے میں مستقل وائس چانسلر کی تلاش کے لیے قائم کی گئی سرچ کمیٹی بھی فعال ہو گئی ہے۔ اس سلسلے یونیورسٹی کے رجسٹرارڈاکٹر ساجد جہانگیر نے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ 7جنوری کو صدر مملکت نے سینیٹ اردو یونیورسٹی کی سفارش پر پروفیسر ڈاکٹر عارف زبیر کو چھ ماہ کیلئے یا مستقل شیخ الجامعہ تقرر تک جوبھی پہلے مکمل ہو کیلئے تقرر کیا تھا جبکہ سینیٹ نے انکی مدت کو مزید تین ماہ قابل توسیع رکھا تھا۔ Covid-19 کی وجہ سے تلاش کمیٹی کی تشکیل6جولائی کو مکمل ہوئی جبکہ قبل ازیں قائم مقام شیخ الجامعہ 28مئی کو صدر مملکت و چانسلر وفاقی اردو یونیورسٹی کو سینیٹ اجلاس بلوانے کی درخواست کرچکے تھے تاکہ شیخ الجامعہ کی توسیع کے معاملے کو طے کرلیا جائے لیکن چانسلر آفس سے سینیٹ کے اجلاس کے انعقاد کی باقاعدہ اجازت تاحال موصول نہیں ہوئی۔ان حالات میں آئین کی دفعہ(4)11 کے تحت سینیٹ کے اراکین پر مشتمل سہ رکنی ایمرجنسی کمیٹی نے قائم مقام شیخ الجامعہ کو سینیٹ کے آئندہ اجلاس تک سینیٹ کی تفویض کردہ اختیارات کے مطابق فرائض منصبی جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے تاکہ یونیورسٹی کے انتظامی، تعلیمی،مالی اور دیگر تمام معاملات میں تسلسل قائم رہے۔ قائم مقام شیخ الجامعہ کی مدت ملازمت میں توسیع کا حتمی اختیار سینیٹ اردو یونیورسٹی کو حاصل ہے۔ سینیٹ کے باقاعدہ اجلاس میں اس معاملے پر حتمی فیصلہ کرلیا جائے گا۔ یاد رہے کہ رجسٹرار جامعہ اردو نے آئین کی شق(4)11کے تحت بننے والی سینیٹ کے اراکین پر مشتمل سہ رکنی کمیٹی کے فیصلے کو فوری طور ایوان ِ صدر اور وفاقی وزارت تعلیم کو ارسال کردیا ہے۔