پشاور ہائیکورٹ میں چیتے کی واپسی کے لیے سماعت

July 08, 2020

پشاور ہائیکورٹ میں شہری کی جانب سے چیتےکی واپسی کے لئے دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔

درخواست کی سماعت جسٹس قیصر رشید اور جسٹس محمد ابراہیم خان نے کی، درخواست گزار کا کہنا ہے کہ محکمہ جنگلی حیات نے میرا چیتا قبضے میں لے لیا ہے۔

درخواست گزار نے کہا کہ چڑیا گھر میں جانور مرگئے ہیں، مجھے میرا چیتا واپس کیا جائے کہیں چیتےکو کچھ ہو نہ جائے۔

جسٹس قیصر رشید نے استفسار کیا کہ چیتا اس وقت کہاں ہے؟ جبکہ چیتا تو بہت قیمتی جانور ہے، اسے کیسے اس طرح رکھا جاسکتا ہے۔

ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل سید سکندر حیات شاہ نے کہا کہ چیتا چڑیا گھر میں ہے، اس کا پورا خیال رکھا جارہا ہے، جبکہ درخواست گزار نے جس جگہ پر چیتا رکھا تھا وہ موزوں نہیں تھی۔

ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل نے کہا کہ چڑیا گھر میں چیتے کو اچھی جگہ پر رکھا گیا ہے۔

عدالت نے کہا کہ جانوروں کی اموات کے حوالے سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

جسٹس قیصر رشید نے ریمارکس دیئے کہ جو بھی غفلت کا مرتکب پایا گیا اس کے خلاف سخت کارروائی کریں گے۔

عدالت نے محکمہ جنگلی حیات سے جواب طلب کرکے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔