65اعشاریہ 8کلومیٹر مجوزہ راولپنڈی رنگ روڈ منصو بہ روات این5سے شروع ہو کر سنگجانی این 5پر ختم ہوگا

July 11, 2020

راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے )آرڈی اے کی گورننگ باڈی نے 65.8کلومیٹر طویل راولپنڈی رنگ روڈ مجوزہ منصوبے کی الائنمنٹ سمیت آرڈی اے ، واسا کے رواں مالی سال کے بجٹ کی منظوری دے دی. جمعہ کو آرڈی اے کی گورننگ باڈی کا اجلاس چیئرمین طارق محمود مرتضٰی کی زیرصدارت ہوا، اجلاس میں گورننگ باڈی کے ممبران ارکان صوبائی اسمبلی میجر (ر) محمد لطاسب ستی ، محترمہ نسرین طارق کے علاوہ ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے عمارہ خان ، ایم ڈی واسا راجہ شوکت محمود ، ڈائریکٹر ایڈمن و فنانس آر ڈی اے خالد جاوید گورایہ ، فنانس ڈیپارٹمنٹ ، ایچ یو ڈی اینڈ پی ایچ ای ڈیپارٹمنٹ ، پی اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ ، محکمہ لوکل گورنمنٹ ، کمشنر آفس راولپنڈی ، ڈپٹی کمشنر آفس راولپنڈی کے نمائندوں اور آر ڈی اے راولپنڈی کے دیگر افسران نے شرکت کی،گورننگ باڈی نے 65 اعشاریہ 8کلومیٹر راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کی الائنمنٹ کی منظوری دی جو ریڈیو پاکستان روات این -5 سے شروع ہوگی اور سنگجانی این -5 پر ختم ہوگی، گورننگ باڈی نے رنگ روڈ کے ساتھ ساتھ صنعتی ، تعلیمی ، تفریحی ، میڈیکل ہیلتھ ، رہائشی اور ایئر پورٹ کے قریب اربن ایریا سمیت خصوصی اقتصادی زون (ایس ای زیڈ) کی تعمیر کی بھی منظوری دی، جس سے شہر کی ترقی کے لئے ایک نئی سمت متعین کی جاسکے گی۔ ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے نے ادارے کا سالانہ بجٹ پیش کیا اور گورننگ باڈی نے مالی سال 2020 - 2021 کے لئے3520.8ملین روپے کی منظوری دی، بجٹ کے کل اخراجات میں سے 2395ملین روپے ترقیاتی کاموں کیلئے مختص کئے گئے ، سخت مالی نظم و ضبط اور کفایت شعاری کے اقدامات کو اپنانے کے نتیجے میں گذشتہ مالی سال میں مختلف ہیڈ آف اکاؤنٹ میں بچت ہوئی، گورننگ باڈی نے مالی سال 2020 - 2021 کے لئے واسا کا 2059ملین روپے خسارے کے بجٹ کی منظوری بھی دی جو منیجنگ ڈائریکٹر نے پیش کیا۔ گورننگ باڈی نے مخالفت کے باوجود اس کی منظوری دیدی، متوقع کل آمدنی 1589ملین روپے جبکہ کل اخراجات 3649 ملین روپے ہیں، واٹر سپلائی نیٹ ورک ، بجلی بل ، سیوریج لائن وغیرہ میں بہتری کے لئے اخراجات کا بڑا حصہ مختص کیا گیا ہے، مذکورہ بالا کے علاوہ گورننگ باڈی نے آر ڈی اے کے اپنے پراپرٹیزریگولیشن 2020 لیز رائٹس کی نیلامی اور اپارٹمنٹس کی عمارتوں سے نمٹنے کے لئے بلڈنگ و زوننگ ریگولیشنز 2020 میں ریگولیشن 2.5 (vi (A میں ترمیمی ایجنڈے آئٹمز کی منظوری بھی دی، چیئرمین آر ڈی اے نے یقین دلایا کہ وہ راولپنڈی کے عوام کی خدمت کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے، انہوں نے کہا کہ عوام کی شکایات کو دور کرنے اور پالیسی امور کا جائزہ لینے کے لئے گورننگ باڈی آر ڈی اے کا اجلاس ماہانہ بنیادوں پر ہوگا۔