بھارت میں 27 ہزارنئے کورونا مریض،دبئی کا ریلیف پیکیج

July 12, 2020

نئی دہلی، تہران، دبئی(جنگ نیوز، خبرا یجنسی)دنیا بھر میں کورونا کیسز تیزی سے بڑھنے لگے ہیں صرف بھارت میں گزشتہ روزریکارڈ 27 ہزار نئے کیسز سامنےآئے ہیں،برازیل میں بھی کورونا سے اموات کی تعداد 70ہزار سے تجاوز کرگئی ہیں، ادھر دبئی نے40کروڑ 80لاکھ ڈالرز مالیت کے کورونا وائرس ریلیف پیکج کا اعلان کیا ہے جبکہ ایرانی صدر حسن روحانی نے خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس کے متاثرین میں اضافے کے باوجود ان کا ملک معیشت کو بند کرنا برداشت نہیں کر سکتا۔ غیرملکی میڈیا کےمطابق بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹے میں 27 ہزار 114 کیسز کی تصدیق کے بعد کورونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد 8 لاکھ سے تجاوز کرگئی، دوسری جانب کولکتہ کے معروف ایڈن گارڈن کرکٹ اسٹیڈیم کو بھارتی پولیس کے لیے بطور قرنطینہ استعمال کیا جائے گا۔دبئی نے کورونا وائرس ریلیف پیکیج کی مد میں 40 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کے اقتصادی پیکج کا اعلان کیا ہے،اس پیکیج کا اعلان امارات کے ولی عہد حمدان بن محمد المختوم نے ایک سوشل میڈیا پیغام میں کیا،یہ دبئی کی جانب سے اعلان کیا جانے والا تیسرا پیکیج ہے، شیخ حمدان کے مطابق ان تینوں پیکیجز کی کل مالیت ایک اعشاریہ7ارب ڈالر ہے۔دوسری جانب سرکاری اعداد و شمار کے مطابق برازیل میں اموات کی تعداد 70ہزار سے تجاوز کر چکی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 1200 افراد ہلاک ہوئے،برازیل اس وقت دنیا بھر میں اموات کے اعتبار سے دوسرا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے اور ماہرین کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے کوئی اشارہ نہیں ملاکہ انفیکشن کا پھیلاؤ کم ہوا ہے۔برطانیہ بھر میںگزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 148افراد کورونا وائرس کے باعث ہلاک ہو چکے ہیں،حکومت کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد شمار کے مطابق برطانیہ میں مزید 820افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص بھی ہوئی ہے،اس طرح برطانیہ بھر میں اب تک کل 288953 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 44798 اس وائرس کے باعث ہلاک بھی ہوئے ہیں۔دوسری جانب ایران کے صدر حسن روحانی نے خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس کے متاثرین میں اضافے کے باوجود ان کا ملک معیشت کو بند کرنا برداشت نہیں کر سکتا، وبا کے آغاز سے ابھی تک کل 12،400افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔