بجلی و گیس کے بلوں میں ناروا ٹیکسوں کا خاتمہ کیا جائے، ارباب عثمان

July 13, 2020

پشاور(نمائندہ خصوصی) ممتاز سیاسی و سماجی رہنما اور حاجی دوست ویلفیئر ٹرسٹ کے سربراہ ارباب عثمان خان نے صوبائی دارالحکومت پشاور کے درجنوں دیہات کی سوئی گیس سے محرومی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اکیسوی صدی کے ترقی یافتہ دور میں صوبائی دارالحکومت پشاور کے نواحی دیہات کے لوگوں کا سوئی گیس جیسی اہم بنیادی ضرورت سے محروم ہونا تبدلی سرکار کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے باڑہ بنگلہ پشاور میں اپنی رہائش پر وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تبدیلی سرکار کی طرف سے عوام کومشکلات سے نجات دلانے کی بجائے عوام کی مشکلات میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ ارباب عثمان خان نے مطالبہ کیا کہ پھندو پشاور سے لیکر ارمڑ تک درجنوں دیہات کو فوری طور پر سوئی گیس فراہم کی جائے اگر سوئی گیس کی فراہمی میں تاخیر کی گئی تو علاقے کے ہزاروں لوگوں کی طرف سے احتجاج کیا جائے گا ۔پشاور کے نواحی علاقوں میں بجلی کی ناروا لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے جبکہ بجلی و گیس کے بلوں پر لگائے گئے ناروا ٹیکسوں کا خاتمہ کیا جائے۔