نجکاری معاملے پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا جائے: خواجہ آصف

July 15, 2020

مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نجکاری معاملے پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا جائے، نہ پی آئی اے بکے گی نہ ہوٹل، روزویلٹ کی نجکاری بےشک شروع کریں مگر فیصلہ سوچ سمجھ کے کریں۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نجکاری کا اجلاس منعقد ہوا، اس دوران وزیر نجکاری محمد میاں سومرو نے کہا ہے کہ پاکستان قومی ایئر لائن کی ملکیت روزویلٹ ہوٹل کی نجکاری پر فنانشل ایڈوائزر مشورہ دے گا، ہوٹل بیچنے کا ارادہ نہیں ہے، لیز یا کسی کو شریک کرنے کا ارادہ ہے۔

دوسری جانب ایم ڈی پی آئی اےانویسٹمنٹس ارشد ملک کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اب بھی روزویلٹ ہوٹل خریدنےمیں دلچسپی رکھتے ہیں۔ کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ماضی میں روز ویلٹ ہوٹل خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی تھی۔

مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ آصف نے ا س پر ردّ عمل دیتے ہوئے کہا کہ جن کے اپنے رئیل اسٹیٹ بزنس ہیں انہیں نجکاری کمیٹی میں لے لیا ہے، ہم نجکاری کے خلاف نہیں مگر بہتر حالات اور وقت کا انتظار کیا جائے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ساری امریکی مارکیٹ سوچ رہی ہے گھر سے کام چل سکتا ہے تو دفتر کی کیا ضرورت ہے؟ دنیا میں جب بھی وبا آتی ہے بہت بڑی تبدیلی آتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا میں بڑے دفاتر خالی ہونے والے ہیں، ابھی فیصلہ کرنے کی بجائے انتظار کریں، ابھی نہ پی آئی اے بکے گی نہ ہوٹل، ہماری حکومت کو پی آئی اے کی نجکاری کرنا چاہئے تھی۔