کشمیریوں پر 1947ء سے پہلے سے ظلم ہو رہا ہے، ڈاکٹر فیصل

July 18, 2020

جرمنی میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ پاکستانمقبوضہ کشمیر کی بھارت سے آزادی تک کشمیریوں کی جائز جدوجہد کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

جرمنی کے دارالحکومت برلن میں پاکستانی سفارتخانے میں 89ویں یوم شہدائے جموں و کشمیر کی یاد میں گزشتہ روز تقریب منعقد کی گئی۔ سفیر پاکستان ڈاکٹر محمد فیصل نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ یوم شہدائے کشمیر اس بات کی یاد دلاتا ہے کہ کشمیریوں پر 1947 سے پہلے سے ظلم ہو رہا ہے، اور بہادر کشمیری بھارتی ظلم و جبر کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں۔

اس موقع پر سفیر پاکستان نے یورپی یونین اور جرمنی میں ہر بین الاقوامی فورم پر مظلوم کشمیریوں کی آواز بلند کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانمقبوضہ کشمیر کی بھارت سے آزادی تک کشمیریوں کی جائز جدوجہد کی اخلاقی، سیاسی، اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے جیو نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے مودی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت ختم کرنے کی کوششوں کی بھی بھرپور مذمت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت کی طرف سے گزشتہ برس اگست میں جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے کے بعد سے کشمیریوں کو انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

ڈاکٹر فیصل کے مطابق آئندہ ماہ اگست میں اس متنازعہ عمل کو ایک سال مکمل ہو جائے گا، لہٰذا اس کے خلاف دنیا بھر میں بھر پور طریقے سے آواز بلند کی جائے گی۔

علاوہ ازیں تقریب میں جرمن زبان میں مقامی شرکا کو 13 جولائی 1931 کے روز سری نگر کی سینٹرل جیل کے احاطے میں مہاراجہ ہر سنگھ کی فوج کے ہاتھوں درجنوں کشمیریوں کی ہلاکت کے افسوس ناک واقعے کی حقیقت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

اس کے علاوہمقبوضہ وادی میں کشمیریوں پر عرصہ دراز سے جاری بھارتی مظالم کے حوالے سے دستاویزی فلم کے ذریعے بھی حاضرین کو معلومات فراہم کی گئیں۔

تقریب میں جرمن دانشور، صحافی اور پاکستانی کمیونٹی کی سماجی اور سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔