ثنا میر بھی کراچی کی صورتحال دیکھ کر پریشان

July 28, 2020

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر کراچی میں بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سے پریشان دکھائی دے رہی ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک پیغام میں پریشانی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’بارش کے بعد کراچی جیسے خوبصورت شہر کی ویڈیوز دل دہلا دینے والی ہیں۔‘

ثنا میر سے قبل وسیم اکرم بھی بارش کے بعد کراچی کی صورتحال پر غمزدہ نظر آئے تھے اور کہا کہ شہر کو ایک بار پھر ڈوبا دیکھنے پر کوئی حیرت نہیں ہے۔

سوشل میڈیا پر پیغام میں وسیم اکرم نے سوال کیا کہ کیا بارش میں ڈوبے شہر کی یہ حالت ہمیں نیند سے جگانے کی گھنٹی ہے؟ کراچی میں نکاسی آب ایک حل طلب مسئلہ حل ہے۔ ہمیں اپنے خوبصورت شہر کو دوبارہ ٹھیک کرنا ہوگا۔

واضح رہے کہ کراچی میں بارش کے باعث متعدد علاقوں میں کہیں پانی جمع ہے تو کہیں کیچڑ اور غلاظت نے شہریوں کا جینا دوبھر کر رکھا ہے۔

متاثرہ علاقوں میں صفائی کے لیے کے ایم سی کا عملہ کہیں نظر نہیں آیا، کراچی میں بارش کے بعد لیاقت آباد میں گجرنالہ اوور فلو ہو گیا جس سے اطراف کی آبادیوں میں پانی داخل ہو گیا۔