• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں، شہر کی فلاح کے بارے میں سوچتا ہوں، وسیم اکرم


پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور معروف کمنٹیٹر و کوچ وسیم اکرم نے کہا ہے کہ ان کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں ہے، میں اپنے شہر کی فلاح کے بارے میں سوچتا ہوں۔

وزیر اطلاعات اطلاعات و بلدیات سندھ ناصر شاہ کے بیان پر وسیم اکرم کا ردِعمل بھی سامنے آگیا۔

سابق کپتان نے کہا کہ انہوں نے کراچی کے مختلف علاقوں میں پانی کھڑا دیکھ کر ٹوئٹ کیا تھا۔

وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ بارش نے ایک مرتبہ پھر کراچی کو تباہ کیا، میرا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں تھا۔

سوئنگ کے سلطان نے کہا کہ پاکستان کا شہری ہوں اور اپنے شہر کی فلاح کے بارے میں سوچتا ہوں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے عوام بھی بارش سے لطف اندوز ہوں نہ کہ غم زدہ ہوں۔

وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ ہر سال کراچی میں بارش سے بہت لوگ متاثر ہوتے ہیں، یہ چیز مجھے مارتی ہے۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل وسیم اکرم نے کراچی میں بارش کا پانی جمع ہونے پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔

ان کے اس بیان پر صوبائی وزیر ناصر شاہ نے ردِ عمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ میں اپنے پڑوسی وسیم اکرم کو دعوت دیتا ہوں میرے ساتھ شہر کا دورہ کریں، شہر کی سڑکوں کا جائزہ لیں اور دیکھیں کس طرح پانی کا نکاس کیا گیا ہے۔

ناصر شاہ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ وسیم اکرم، اگر آپ مخلص ہیں تو شہر کا دورہ ضرور کریں گے، اگر آپ نے سنی سنائی باتوں پر بیان دیا ہے تو آپ سے زیادہ غیر ذمہ دار کوئی نہیں ہے۔

تازہ ترین