کراچی ،آلائشیں لینڈ فل سائٹ پر بھیجنے کا کام تیسرے روز بھی جاری

August 03, 2020


کراچی میں عارضی ڈمپنگ پوائنٹ سے آلائشیں لینڈ فل سائٹ پر بھیجنے کا کام عید الاضحیٰ کے تیسرے روز بھی جاری ہے۔

عیدقربان پر آلائشوں کو لینڈ فل سائٹ تک پہنچانے کے لیے شہر کے مختلف مقامات پر سندھ حکومت کی جانب سے عارضی ڈمپنگ پوائنٹ بنائے گئے تھے۔

ضلع جنوبی میں بنائے گئے عارضی ڈمپنگ پوائنٹ سے آلائشوں کو اٹھا کر لینڈ فل سائٹ پر منتقل کردیا گیا ہے۔

ضلع جنوبی میں قائم عارضی ڈمپنگ پوائنٹ سے آلائشیں اٹھانے کے بعد صفائی کرکے چونا ڈال دیا گیا ہے۔

ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے مطابق دو روز کے دوران 29 ہزار ٹن سے زائد آلائشیں لینڈ فل سائٹس پر دفن کی گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق جام چاکرو پر مجموعی طور پر 13ہزار 145 ٹن، گوند پاس پر 10ہزار140 ٹن، شرافی گوٹھ پردو ہزار 850 ٹن اور کورنگی کراسنگ پر تین ہزار 420 ٹن آلائشیں محفوظ طریقے سے دفن کی گئی ہیں۔