مدارس کا نظام و نصاب برقرار رکھا جائیگا، وفاق المدارس العربیہ

August 11, 2020

لاہور ( وقائع نگار خصوصی) وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے زیر اہتمام جامعہ اشرفیہ لاہور میں مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا قاری محمد حنیف جالندھری کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں دینی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں اور دینی مدارس کے ذمہ داران اور علمائے کرام نے شرکت کی.اجلاس میں فیصلہ کیا گیاکہ دینی مدارس کے نظام و نصاب کو حسبِ سابق جاری رکھا جائے گا. اجلاس میں قاری محمد حنیف جالندھری نے کہا کہ وفاق المدراس نے کرونا وائرس وبا کے دوران مکمل حفاظتی اقدامات کے ساتھ ملک بھر میں لاکھوں طلبہ و طالبات کے امتحانات دلواکر ایک مثال قائم کر دی ہے. اسی نظم کے تحت مدارس کی تعلیم کا سلسلہ شروع کیا جائے گا. اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ جمعۃ المبارک کو یوم عظمت حضرت سیدنا عثمان غنیؓ کے طور پر منایا جائے گا. یکم محرم الحرام کو خلیفہ راشد سیدنا حضرت عمر فاروقؓ کے یوم شہادت اور10محرم الحرام کو نواسہ رسولؐ سیدنا حضرت حسینؓ کے یوم شہادت کی نسبت سے عشرہ فاروقؓ و حسینؓ منایا جائے گا جس میں ملک بھر میں اپنی مساجد و مدارس میں حضرت عمر فاروقؓ اور سیدنا حضرت حسینؓ کے فضائل و مناقب اور سیرت و کردار پر جلسے، سیمینار اور دیگر تقریبات منعقد کی جائیں گی۔