پاکستانی فرانسیسی کمپنی نے کرکٹ بیٹ برانڈ لانچ کردیا

August 12, 2020

فرانس میں کھیلوں کے سامان بنانے والی پاکستانی کمپنی یورو کنگ اسپورٹس نے "سفیر" کے نام سے کرکٹ کے بلے کا نیا برانڈ لانچ کیا ہے۔

آج سفارتخانہ پاکستان میں منعقدہ لانچنگ تقریب میں کمپنی کے چیف ایگزیکٹو امجد سندھو نے قائمقام سفیر پاکستان قاضی امجد عزیز سے ملاقات کی۔ اس موقع پر کمرشل قونصلر معین وانی بھی موجود تھے۔

یہ برانڈ متعارف کروانے پر کمپنی کی تعریف کی گئی جو پاکستانی عوام کو سب سے زیادہ پسند ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے فرانس اور مین لینڈ یورپ میں بھی کرکٹ کو مقبول بنانے میں مدد ملے گی اور یورپی کھیلوں کے سامان کی منڈی میں پاکستانی کاروبار کو بھی فروغ ملے گا۔

امجد سندھو نے بتایا کہ اس پیشہ ورانہ کرکٹ بیٹ کے علاوہ، ان کی کمپنی نے ٹینس بال کرکٹ بیٹ بھی متعارف کرایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مین لینڈ یورپ کا یہ پہلا کرکٹ برانڈ ہے جس کے لئے پاکستان کا وِلو استعمال کیا جارہا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ فرانس، آسٹریا، جرمنی، اٹلی، اسپین، ہالینڈ اور بیلجیم جیسے یورپی ممالک میں کرکٹ تیزی سے مقبول ہورہی ہے۔

صرف فرانس میں ایسوسی ایشن فرانسیز ڈی کرکٹ (فرانسیسی کرکٹ ایسوسی ایشن) کے ساتھ رجسٹرڈ تقریباً 35 کرکٹ کلب موجود ہیں۔ مقامی کھلاڑیوں کے علاوہ پاکستان، سری لنکا، افغانستان اور بنگلہ دیش کے تارکین وطن بھی ان کلب ٹیموں کے ممبر ہیں۔

پاکستانی سفارت خانہ فرانس نے جناح ٹرافی کے نام سے فرانس میں سالانہ کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز کیا تھا۔