امریکی یوٹیوبر 17 سال کی عمر میں چل بسا

September 07, 2020

امریکی یوٹیوب اسٹار ایتھن پیٹرز 17 سال کی عمر میں جہانِ فانی سے کوچ کرگیا۔

’ایتھن آئی سپریم‘ کے نام سے مشہور یوٹیوب اسٹار کے انتقال کی تصدیق ان کے والد نے فاکس نیوز پر کی۔ نوجوان کی موت کی وجہ منشیات کا زیادہ استعمال بتایا جارہا ہے۔

یوٹیوبر کے والد نے بتایاکہ اُن کا بیٹا صبح 11 بجے کے قریب اپنے بیڈ روم میں مردہ حالت میں پایا گیا تھا۔

ایتھن پیٹرز کی قریبی دوست آوا لوئس نے اپنے بہترین دوست کے یوں اچانک دنیا سے رخصت ہونےکی افسوسناک خبر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر دی۔

ایتھن کے ہمراہ ایک مختصر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے آوا لوئس نے بتایا کہ ’پوری دنیا میں ایتھن اُن کے واحد قریبی دوست تھے، ایتھن کی موت کی خبر سُن کر اپنے جذبات کے اظہار کے لیے الفاظ نہیں ہیں۔‘


آوا لوئس نے بتایا کہ ’ ایک سال قبل کم عمری میں ہی ایتھن نے آن لائن شہرت کے دباؤ کے پیش نظر منشیات کا استعمال شروع کیا تھا، ایتھن نشے کی لت میں بری طرح مبتلا تھا۔‘

انہوں نے لکھا کہ میں ایتھن کی موت کی وجہ کو اس لیے سب کے سامنے لا رہی ہوں اور کھل کر بحث کررہی ہوں تاکہ کل کو کسی اور نوجوان کی موت کی وجہ منشیات کا استعمال نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ ’وہ بہت روشن اور بہت ہوشیار تھا، اسے ابھی زندہ رہنا تھا۔‘

ایتھن کے اس وقت یوتیوب پر ایک لاکھ 39 ہزار سے زائد سبسکرائیبر جبکہ انسٹاگرام پر 5لاکھ 40 ہزار سے زائد چاہنے والے موجود ہیں۔