اسٹاک ایکسچینج پر حملہ، مقدمہ اے کلاس کرنے کیلئے چالان جمع

September 16, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پولیس پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے میں ملوث سہولت کاروں کو گرفتار کرنے میں ناکام ہوگئی، واقعہ کو 3 ماہ گزرنے کے باوجود پولیس ملوث افراد کا سراغ نہیں لگا سکی ، انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت میں پولیس نے مقدمہ اے کلاس کرنے کا چالان جمع کرادیا ، جس میں بتایا گیا ہے کہ مقدمے میں تاحال کوئی سہولت کار گرفتار نہیں ہوسکا ،مستقبل میں کوئی ملزم گرفتار ہوا تو پیش کیا جائے گا، انتیس جون کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر چار دہشت گردوں نے حملہ کیا ، دہشت گردوں میں سلمان،سلیم بلوچ،سراج اور ایک نا معلوم دہشت گرد شامل تھا، واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی ہلاک دہشت گرد سلمان کے نام پر تھی ، ہلاک دہشت گردوں کا تعلق بلوچستان کے علاقے کیچ سے ہے ، دہشت گردوں کے زیر استعمال موبائل فون سمز پنجاب کے مختلف علاقوں سے مختلف ناموں پر ایکٹویٹ کرائی گئی تھیں ، دہشت گردوں کے زیر استعمال فونز کی فرانزک رپورٹ تاحال موصول نہیں ہوئی ہے، دہشت گردوں کے دیگر سہولت کاروں، معاونین اور ساتھیوں کو گرفتار کرنے کی کوشش کی مگر کامیابی نہیں مل سکی ، جب ملزمان گرفتار ہوں گے تو عدالت کے سامنے پیش کیا جائے گا ، عدالت نے چالان مزید کارروائی کے لئے انسداد دہشت گردی عدالت نمبر 15 کو منتقل کردیا ہے۔