پاکستان نےاقوام متحدہ کی پروگرام وکوآرڈینیشن کمیٹی کا انتخاب جیت لیا

September 18, 2020

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) اقوام متحدہ میں پاکستان کی متحرک سفارتکاری کے باعث پاکستان کاعالمی ادارے کےکلیدی عہدوں میں کردار میں اضافہ ہوا ہے۔اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی پروگرام اور کوآرڈینیشن کمیٹی کا انتخاب پاکستان نے جیت لیا۔دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اقوام متحدہ کی معاشی وسماجی کونسل کے چون ارکان میں سے باون نے پاکستان کے حق میں ووٹ دیا جس سے پاکستان کو ’پروگرام اینڈ کوآرڈینیشن‘ کمیٹی کے انتخاب میں کل ووٹوں کے 96فیصد کے تناسب سے نمایاں فتح حاصل ہوئی ۔سی۔پی۔سی کے لئے پاکستان کا دوبارہ انتخاب اقوام متحدہ کے اندر پاکستان کی نتیجہ خیز سرگرمیوں اور رابطوں کے علاوہ پائیدار ترقی کے اہداف اور عالمی معاشی تعاون کے شعبوں میں کاوشوں کی توثیق اور مظہر ہے۔