اے ایس آئی کی خاتون سے مبینہ زیادتی کا آئی جی نے نوٹس لے لیا

September 21, 2020


آئی جی پنجاب پولیس انعام غنی نے گوجرانوالہ میں خاتون سے اے ایس آئی کی مبینہ زیادتی کا نوٹس لے لیا۔

آئی جی پنجاب نے آر پی او گوجرانوالہ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی اور ذمہ داران کے خلاف فوری محکمانہ و قانونی کارروائی کی ہدایت کی ہے۔

گوجرانوالہ کی عزیز کالونی کی رہائشی لڑکی سے پولیس اہلکار کی مبینہ زیادتی کا مقدمہ تھانہ اروپ میں درج کرلیا گیا ہے۔

والد کی مدعیت میں درج کئے گئے مقدمہ میں موقف اختیار کیا گیا کہ اوباشں نوجوانوں کے خلاف شکایت پر اے ایس آئی انکوائری کے لیے گھر آیا تھا اور بیٹی سے زیادتی کی۔

ادھر سی پی او نے جیونیوز کو بتایا کہ ایس پی انوسٹی گیشن کی سربراہی میں چار رکنی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔

متاثرہ لڑکی کا میڈیکل کرالیا گیا ہے، رپورٹ ابھی موصول نہیں ہوئی ہے۔

دوسری طرف مقدمہ میں ملوث اے ایس آئی نے گرفتاری سے بچنے کے لیے عبوری ضمانت کرا لی ہے، اے ایس آئی کا کہنا ہے کہ جھوٹا الزام لگایا ہے، تفتیش میں حقائق سامنے آجائیں گے۔

متاثرہ لڑکی نےاپنے ویڈیو بیان میں الزام لگایا کہ اے ایس آئی مبشر نے زیادتی کی، اور شکایت نہ کرنے کی دھمکی بھی دی۔