ڈیلس: حافظ ریحان راٹھور انتقال کر گئے

September 26, 2020

پاکستان کے معروف سیاسی اور دینی رہنما علامہ صدیق راٹھور کے صاحبزادے، پاکستان کے معروف مذہبی اسکالر ڈاکٹر جمیل راٹھور کے بھائی اور ڈیلس کے معروف عالم دین علامہ بابر رحمانی کے برادرنسبتی حافظ ریحان راٹھور آج ڈیلس کے اسپتال میں رضائے الٰہی سے انتقال کر گئے۔

وہ امریکہ ڈیلس میں اپنے رشتہ داروں سے ملنے آئے ہوئے تھے کہ پندرہ روز قبل یہاں پر اچانک انکو کارڈیک اریسٹ ہوا جس کے سبب وہ مسلسل پندرہ دنوں سے کوما میں تھے۔

ڈاکٹرز اور طبی عملہ ان کی جان بچانے کے لیے مسلسل کوششیں کرتا رہا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے اور وہ آج صبح اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔ ان کے بڑے بھائی علامہ ڈاکٹر جمیل راٹھور بھی ایک ہفتہ سے امریکہ ڈیلس میں موجود اور ان کی تیمارداری میں مصروف تھے۔

مرحوم حافظ ریحان کا جسد خاکی اسپتال سے رہما فینورل ہوم ڈیلس پہنچا دیا گیاہے جبکہ ان کی نماز جنازہ ڈیلس کی مدینہ مسجد میں مقامی وقت کے مطابق آج بروز ہفتہ صبح دس بجے ادا کی جائے گی جبکہ اس ہی روز ان کا جسد خاکی قطر ایئر لائن کے ذریعے کراچی کیلئے روانہ ہوگا، جہاں پر جامع مسجد اویس قرنی بلاک 10 گلشن اقبال کراچی میں 28 ستمبر بروز پیر بعد نماز ظہر نماز جنازہ ادا کی جائیگی۔

نماز جنازہ کی امامت پاکستان کے معروف عالم دین علامہ مفتی منیب الرحمن کریں گے۔ بعد ازاں انہیںکراچی میں ان کے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

مرحوم حافظ ریحان گزشتہ بیس سالوں سے مذکورہ گلشن اقبال کی مسجد میں ہر سال نماز تراویح پڑھاتے چلے آرہے تھے۔

دریں اثنا پاکستانیوں کی نمائندہ تنظیم پاکستان سوسائٹی کے صدر عابد ملک، پاکستان امریکن ایسوسی ایشن کے سابق صدر ڈاکٹر جاوید اقبال اجمل، ساؤتھ ایشیاء ڈیموکریسی واچ کے صدر امیر مکھانی، مسلم ڈیموکریٹک کاکس کے چیئرمین سید فیاض حسن، ڈیلس پیس سینٹر کے چیئرمین آفتاب صدیقی، ریپلکن پارٹی کے رہنما ڈاکٹر حسن ہاشمی، ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما، صنعتکار حفیظ خان، مشتاق میمن اور متعدد مذہبی تنظیموں کے رہنماؤں نے ڈاکٹر جیل راٹھور اور علامہ بابر رحمانی سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔