بھارت میں ایمنسٹی انٹرنیشنل کا دفتر بند، یورپین آفس کا احتجاج

September 30, 2020

ایمنسٹی انٹرنیشنل کے یورپین آفس نے یورپین قیادت سے مطالبہ کیا ہے کہ یہ خاموشی کا نہیں بلکہ موقف اختیار کرنے کا وقت ہے۔

یہ مطالبہ ایمنسٹی کے یورپین آفس نے بھارت میں انسانی حقوق کی صورتحال کو اُجاگر کرنے کی پاداش میں بند کیے گئے ایمنسٹی انڈیا کے دفتر کے واقعے کے تناظر میں یورپین قیادت سے کیا۔

یورپین کمیشن کی صدر ارسلا واندر لین، یورپین کونسل کے صدر چارلس مشل، یورپین خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل اور بھارت میں موجود ای یو مشن کو مخاطب کرتے ہوئے ایمنسٹی ای یو نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے پیغام میں کہا کہ یورپین یونین طویل عرصے سے عمل کے میدان سے غائب ہے۔

انھوں نے کہا کہ جیسا کہ بھارت میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیمیں حملے کی زد میں تھیں۔ اب ایمنسٹی انڈیا 2 سال کے مسلسل کریک ڈاؤن اور اپنے بینک اکاؤنٹس کو مکمل طور پر منجمد کرنے کے بعد اپنا کام روک رہا ہے، پیغام کے آخر میں کہا گیا ہے کہ ’یہ موقف اختیار کرنے کا وقت ہے‘۔