پاکستان کی خوشحالی میں خواتین کا اہم کردار ہے، طارق وزیر

October 01, 2020

مانچسٹر(علامہ عظیم جی )قونصل جنرل پاکستان طارق وزیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں خواتین کا اہم رول ہے خصوصاً بیرون ملک رہنے والی پاکستانی خواتین’ اپوا‘ اپنے ملک کو با وقار ترقی یافتہ ملک بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔انہیں مزید محنت سے نئی نسل میں جذبہ حب الوطنی کو اجاگر کرنا چاہئے، حکومت بھی اوور سیز کے مسائل کو حل کرنے کیلئے کوشاں ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپوا مانچسٹر کی ممبران کی طرف سے نئے آنے والے قونصل جنرل سے پہلی باضابطہ ملاقات کے موقع پر کیا۔ملاقات میں اپوا مانچسٹرکی سیکرٹری بیگم نصرت احمد، وائس چیئرپرسن بیگم عابدہ غزنوی، فنانس اسسٹنٹ اور میڈیا آفیسر بیگم صابرہ ناہید اور ایگزیکٹو ممبر بیگم جہاں آرا نے شرکت کی جبکہ بیگم در شہوار جوائنٹ سیکرٹری، بیگم رضیہ صدیقی ایگزیکٹو ممبر اپنی ذاتی مصروفیات کی وجہ سے میٹنگ میں شرکت نہ کر پائیں۔ بیگم نصرت احمد نے تمام ممبران کی طرف سے قونصل جنرل کو خوش آمدید کہا اور انھوں نے اپوا کی خزانچی بیگم اقبال مغل کی طرف سے قونصل جنرل کی مانچسٹر آمد پر مبارکباد بھی پیش کی۔ جنرل سیکرٹری نے قونصل جنرل کو مانچسٹر میں اپوا کی کارکردگی سے آگاہ کیا ۔ قونصل جنرل نے اپوامانچسٹر کی کارکردگی کو سراہا اور انھوں نے بحیثیت قونصل جنرل اپنے مستقبل کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا اور یقین دہانی کرائی کہ وہ خود اور ان کی اہلیہ بیگم نازیہ طارق بحثیت اپوا چیئر پرسن اپوا کی ہمیشہ رہنمائی کرتے رہیں گے۔