نواز شریف کی تقاریر پر پابندی کی درخواست خارج

October 05, 2020


اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی تقاریر پر پابندی کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دی۔

چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے 5 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سیاسی مواد سے متعلقہ معاملات عدالتوں میں لانا عوامی مفاد میں نہیں ہے۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ اس طرح کی درخواستوں کے لیے متبادل فورم موجود ہیں۔

فیصلے کے متن میں کہا گیا کہ درخواست گزار مطمئن نہیں کر سکا کہ اس کے کون سے حقوق متاثر ہورہے ہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی کمزور نہیں ہے اور نہ اسے سیاسی بیان بازی سےخطرہ ہے۔

عدالت نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی کا انحصار عدالت کی طرف سے رٹ جاری کرنے پر نہیں ہے۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی سلامتی کو خطرات کےخدشات درخواست گزار کی غلط فہمی کا نتیجہ ہیں، جبکہ سیاسی نوعیت کی پٹیشنز نظام انصاف اور عدالتوں کو متنازع بناتی ہیں۔

اس سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ میں نواز شریف کی تقاریر پر پابندی کی درخواست کی سماعت سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا گیا تھا۔