امریکی صدارتی انتخابات، سماجی رابطے کی ویب سائٹ نے قواعد مزید سخت کر دیے

October 12, 2020

واشنگٹن (جنگ نیوز )امریکہ کے صدارتی انتخابات سے پہلے غلط معلومات کو روکنے کے سلسلے میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ʼٹوئٹر نے قواعد میں سختی کا اعلان کیا ہے۔ ٹوئٹر نے اعلان کیا ہے کہ کمپنی ایسی ٹوئٹس کو اپنے پلیٹ فارم سے ہٹا دے گی جن میں لوگوں سے تشدد سمیت انتخابات کے عمل میں مداخلت کے پیغامات دیے گئے ہوں۔ٹوئٹر نے ایک بلاگ پوسٹ میں کہا ہے کہ آئندہ ہفتے سے ایسے مواد پر، جسے گمراہ کن قرار دے دیا گیا ہوگا، ری ٹوئٹ کرنے سے پہلے صارفین کو مصدقہ معلومات سے مطلع کر دیا جائے گا۔بلاگ پوسٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ کمپنی گمراہ کن معلومات پر مزید پابندیاں لگائے گی۔ صارفین کو خبردار کرنے کے ساتھ ساتھ ایسی ٹوئٹس پر امریکی سیاسی شخصیات، جیسے امیدواروں اور ان کی مہم، کا لیبل لگا دیا جائے گا۔