ڈی ایس پی لوئرکرم کیخلاف درج ایف آئی آر معطل کرنے کے احکامات

October 21, 2020

پشاور(نیوز رپورٹر) پشاورہائیکورٹ نے ڈی ایس پی لوئر کرم کےخلاف مقامی عدالت کے حکم پر درج ایف آئی آرمعطل کرنے کے احکامات جاری کردیئے، جسٹس اکرام اللہ خان اور جسٹس اعجاز انور پر مشتمل دورکنی بنچ نے ڈی ایس پی لوئرکر م عنایت کی کوائشمنٹ رٹ پر سماعت کی۔ دوران سماعت انکے وکیل بشیر خان وزیر نے عدالت کو بتایا کہ انکے موکل سابق فاٹا میں صوبیدار میجر خاصہ دار تھے اور2018میں پولیٹکل انتظامیہ کیجانب سے گرفتار گل بت خان نامی شخص کوجیل منتقل کیا تھا۔ اس دوران تین دن بعد وہ جیل میں دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوگئے تھے جسکے خلاف ورثاءنے ایف آئی آر کے اندراج کیلئے مقامی عدالت میں 22اے کی درخواست دائر کی جو منظور کرلی گئی تھی۔ عدالت کو بتایا گیا کہ انکے موکل پر لگایا گیا الزام درست نہیں کیونکہ گل بت خان کی طبی موت واقع ہوئی تھی اورانہوں نے اسے اعلیٰ افسران کے حکم پر جیل منتقل کیاتھا۔ دورکنی بنچ نے دلائل مکمل ہونے پر ڈی ایس پی لوئرکرم کیخلاف درج ایف آئی آر معطل کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔