دوسری شادی کریں اور ایک کروڑ دینار لیں، بینک کی اسکیم

October 21, 2020

جن لوگوں کو دوسری شادی کرنے کی خواہش ہے تو وہ اب اس کا ارادہ کرلیں کیونکہ ایسا کرنے پر انھیں 8 ہزار 400 امریکی ڈالر (13 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) ملیں گے جو تقریباً ایک کروڑ عراقی دینار بنتے ہیں۔

عرب ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق یہ اسکیم عراق میں موجود ایک نجی بینک نے اپنے ملازمین کے لیے نکالی ہے، تاہم رقم قرض کی صورت میں ہوگی جو آسان اقساط میں بینک کو واپس کرنی ہوگی۔

معروف بینک الرشید نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہر شخص کو دوسری شادی پر بینک سے 8 ہزار 400 امریکی ڈالر کا قرضہ ملے گا۔

بینک نے ساتھ میں یہ بھی شرط رکھ دی کہ دوسری شادی کرنے اور قرض لینے والے ملازم نے پہلے کبھی قرض نہ لیا ہو۔

ساتھ میں اس نے یہ بھی شرط عائد کردی کہ ملازم اس بینک میں کم از کم 2 سال سے ملازمت کر رہا ہو۔

ایک اور ویب سائٹ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ اس وقت عراق میں نوجوانوں میں شادی کرنے کا رجحان کم ہوتا جارہا ہے۔

نوجوان معاشی حالات سے تنگ آکر شادی سے متعلق نہیں سوچ رہے جبکہ کئی ایسے بھی ہیں جو بیرونِ ملک جاکر کام کرنے میں مصروف ہیں۔

مذکورہ حالات کے تناظر میں یہ رپورٹس بھی سامنے آئیں ہیں کہ عراق میں معمر کنواری خواتین کی تعداد 70 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔

ایسے میں نجی بینک کی جانب سے کم از کم اپنے ملازمین کے لیے مذکورہ اسکیم کو خوش آئند قرار دیا جارہا ہے۔