سندھ پولیس کی کچے میں کارروائی، 7 ڈاکو ہلاک، گولہ بارود برآمد

October 22, 2020


سندھ کے ضلع لاڑکانہ اور خیرپور ڈسٹرکٹ کی پولیس نے آج صبح خیرپور کے کچے کے علاقے میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے مقابلے میں سات ملزمان کو ہلاک کر دیا جبکہ ملزمان کے قبضے سے بھاری اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔

ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود بنگش نے بتایا ہے کہ خیرپور کے کچے کے علاقے کے ٹی ممتاز میں روپوش ڈاکو کا گروہ کافی عرصے سے سرگرم تھا اور سندھ میں اغوا برائے تاوان اور لوٹ مار کی وارداتوں میں ملوث تھا۔

ایس ایس پی مسعود بنگش کے مطابق خفیہ اطلاع ملنے پر انہوں نے خیرپور ڈسٹرکٹ پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی کی جس کے نتیجے میں مقابلے میں سات ملزمان مارے گئے۔

مسعود بنگش کے مطابق ہلاک ہونے والے دو ڈاکوؤں اقبال ناریجو اور پٹھان کی زندہ یا مردہ گرفتاری پر سندھ حکومت کے محکمہ داخلہ نے دس دس لاکھ روپے انعام مقرر کر رکھا تھا۔

ایس ایس پی مسعود بنگش کے مطابق کارروائی کے دوران 4 جی تھری رائفلیں، 2 کلاشنکوفیں، دو اینٹی ایئر کرافٹ گن، راکٹ لانچر اور سیکڑوں گولیاں برآمد ہوئی ہیں جبکہ پولیس کے مطابق یہ کارروائی جاری ہے۔