عوام حکمرانوں سے جان چھڑانے کیلئے میدان میں آچکے، حافظ نعیم

October 26, 2020

عوام حکمرانوں سے جان چھڑانے کیلئے میدان میں آچکے، حافظ نعیم

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمنٰ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے شہر کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے، کراچی کے عوام ان کرپٹ حکمرانوں سے جان چھڑانے کے لیے میدان عمل میں آچکے ہیں، کراچی ریفرنڈم میں شہر بھر کے 98.6 فیصد عوام نے کراچی کے حوالے سے مطالبات کے حق میں ووٹ کاسٹ کیا ہے، جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عوام تمام نسلی، لسانی، مذہبی تفریق سے بالاتر ہوکر جماعت اسلامی سے شہر کے مسائل کے حل کے لیے توقعات وابستہ کر رہے ہیں، عوام کا فیصلہ آچکا اب 27اکتوبر کو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع شرقی فیصل کینٹ گلستان جوہر کے تحت حقوق کراچی کنونشن و مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر جنید مکاتی، نعیم اختر، سید قطب احمد، نصر عثمانی، زائد عسکری، عزیز صدیقی، بلال وارثی اور دیگر موجود تھے، حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ شہر کی صورتحال خراب ہوتی جارہی ہے، جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر موجود ہیں،نالوں کی صفائی اور سیوریج کا کوئی نظام موجود نہیں ہے،کراچی میں تمام مسائل کا حل بااختیار شہری حکومت کا قیام ہے، انہوں نے کہا کہ شہر کی آبادی کو پورا گنا جائے، کراچی میں بلدیاتی الیکشن کیلئے حلقہ بندیاں نہ کرنے کا مقصدعوام سے ان کا مینڈیٹ چرانا ہے، سندھ حکومت حلقہ بندیوں کو جواز بنا کر الیکشن میں روڑے اٹکا نا چاہتی ہے، حقوق کراچی کنونشن سے بدرالزمان، نجیب الرحمن، محمد عمران،محمد شکیل خان، عبدالرحمن خان رحمانی، تجمل حسین چشتی، وقاص منور، راجہ ابرار، احتشام علی سمیت علاقہ معززین، علماء اکرام اور تاجر برادری کے نمائندوں نے بھی اظہار خیال کیا۔