وفاقی محتسب نے بیوہ خاتون کو اس کا حق دلوا دیا

October 27, 2020

کوئٹہ( این این آئی )وفاقی محتسب کے اعلامیہ کے مطابق مسماۃ (ھ) بیوہ محمد اسماعیل نے وفاقی محتسب کوئٹہ آفس میں مورخہ 27-07-2020ء کو درخواست دی کہ وہ ایک بیوہ ہے اور اس کے دو بچے ہیں جوکہ زیرتعلیم ہیں نہ ہی آمدن کا کوئی ذریعہ ہے اور نہ ہی ضروریات زندگی کے لئے پیسے، اس نے محکمہ بیت المال کو تمام تر کاغذات کے ساتھ مالی امداد کے لئے درخواست دی جس پر محکمہ بلا وجہ تاخیر کررہا ہے وہ بارہا بیت المال دفتر کے چکر لگاکر تھک چکی ہے شنوائی نہ ہونے پر تھک کر وفاقی محتسب کو درخواست دینے پر مجبور ہوئی۔ خاتون کی درخواست پر وفاقی محتسب نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے محکمہ کو بیوہ خاتون کا کیس جلد از جلد مکمل کرکے اس کی مالی امداد کی ہدایت کی۔ وفاقی محتسب کے حکم پر محکمہ نے فوری عملدرآمد کرتے ہوئے درخواست گزار کو بیس ہزار کا چیک دے دیا اور اس طرح وفاقی محتسب کی بروقت کارروائی سے بیوہ کی داد رسی ہوئی جس پر درخواست گزار خاتون نے وفاقی محتسب کا شکریہ ادا کیا اور بروقت اور مفت انصاف کے نظام کو سراہا۔