گستاخانہ خاکوں کی اشاعت، پاکستان کا فرانس سے سفیر واپس بلانے پر غور

October 27, 2020

گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے معاملے پر پاکستان نے فرانس سے اپنا سفیر واپس بُلانے پر غور شروع کردیا۔

جیو نیوز کے پروگرام ’کیپیٹل ٹاک‘ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ فرانس سے اپنے سفیر کو مشاورت کے لیے بلوانا پڑا تو بلائیں گے۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ سفیر واپس بُلانے کے معاملے میں پارلیمنٹ سے رہنمائی لیں گے۔

حالیہ دہشت گردی کے واقعات سے متعلق سوال پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس میں بھارت ملوث ہوسکتا ہے۔

انہوں نے بھارت کے ساتھ مذاکرات کو خارج از امکان قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و ستم کے باعث پاکستان بھارت سے مذاکرات نہیں کرسکتا۔

واضح رہے کہ فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی تشہیر کے بعد پاکستان سمیت مسلم امہ میں غم و غصہ پایا جارہا ہے۔

ایک روز قبل پاکستانی پارلیمنٹ میں گستاخانہ خاکوں کی تشہیر کے معاملے پر فرانس کے خلاف مذمتی قرارداد پیش کی گئی جو متفقہ طور پر منظور کی گئی تھی۔