فرانسیسی صدر نے مسلم امہ کے جذبات کو مجروح کیا، وکلاء

October 28, 2020

کراچی کے وکلاء کا کہنا ہے کہ فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے پوری مسلم امہ کے جذبات کو مجروح کیا ہے۔

یہ بات وکلاء نے فرانس میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف ہونے والے کراچی بار ایسوسی ایشن کے جنرل باڈی اجلاس میں کہی ہے۔

کراچی بار ایسوسی ایشن کے جنرل باڈی اجلاس میں فرانس کی جانب سے گستاخانہ خاکوں کی نمائش اور فرانسیسی صدر کے گستاخانہ بیان کی شدید مذمت کی گئی۔

وکلاء نے اپنے خطاب میں زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو فرانس کے خلاف اقوامِ متحدہ سے رجوع کرنا چاہیے۔

کراچی کے وکلاء کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان کو اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے کے لیے او آئی سی کا فورم استعمال کرنا چاہیے۔