فرانسیسی مصنوعات کا سرکاری سطح پر بائیکاٹ کیا جائے، مفتی منیب الرحمان

October 28, 2020

چیئرمین رویت ہلال کمیٹی پاکستان مفتی منیب الرحمان نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فرانسیسی مصنوعات کا سرکاری سطح پر بائیکاٹ کیا جائے اور فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کیا جائے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان کا کہنا تھا کہ فرانسیسی صدر کی جانب سے توہین آمیز خاکوں کی اشاعت شرم ناک عمل ہے، کسی سربراہ مملکت کی جانب سے توہین رسالت کی حوصلہ افزائی تاریخ کا پہلا واقعہ ہے۔

مفتی منیب الرحمان کا کہنا تھا کہ فرانس میں حکومتی سرپرستی میں توہین رسالت جنگی جرم ہے۔ اس مسئلے کو عالمی فورم پر اٹھایا جائے۔

انہوں نے پاکستانی حکومت کی جانب سے فرانس کے عمل کی مذمت کو خوش آئند قرار دیا۔

مفتی منیب کا کہنا تھا کہ حکومتوں کا کام صرف مذمتی قراردادیں پاس کرنا نہیں، بلکہ اس کے لیے عملی اقدام کرنا ہوگا۔