بھارت کے خلاف حاصل شواہد اہم ممالک کے سفیروں کے ساتھ شیئرکریں گے، وزیرخارجہ

November 14, 2020

وزیر خاجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف حاصل شواہد اہم ممالک کے سفیروں کے ساتھ شیئرکریں گے، پی فائیو اور دیگر اہم ممالک کے سفیروں کو پیر کے روز دفترخارجہ میں مدعو کریں گے۔

شاہ محمو د قریشی نے اپنے ایک بیان میںکہا کہ اقوام متحدہ اور آو آئی سی کے پلیٹ فارم پر بھی یہ معلومات شیئر کی جائیں گی، ناقابل تردید شواہد دنیا کے سامنے رکھے ہیں، دنیا سے توقع کرتے ہیں کہ ان ٹھوس شواہد پر سیاسی مصلحتوں کا شکار نہ ہو۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ بھارت افغانستان کے امن عمل کو نقصان پہنچا سکتا ہے ، بھارت اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی کررہا ہے، سب کی ذمہ داری بنتی ہے کہ اپنا کردار ادا کریں اور بھارت کی باز پرسی کریں۔

شاہ محمو د قریشی نے کہا کہ کچھ ممالک بھارت سے تعلقات متاثر نہیں کرنا چاہتے لیکن ہم ان ممالک کو احساس دلائیں گے کہ تعلقات اپنی جگہ عالمی قوانین کی بھی اہمیت ہے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ کوشش ہے کہ ہماری حکمت عملی کثیرالجہتی ہو، امریکا میں نئی انتظامیہ سامنے آنے والی ہے جس کا بنیادی فلسفہ ہے کہ خارجہ پالیسی اخلاقی قدروں پر ہو۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے پاکستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ناپاک عزائم ہیں، ہم بھارت کے عزائم کو بروقت بے نقاب کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں، ہم پوری طرح بھارت کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں، علماء اور مذہبی قیادت کو بھی کردار ادا کرنا ہوگا۔