لندن میں پروفیشنل انڈین خواتین کی جانب سے’ریپ فری انڈیا، مہم کا آغاز

November 23, 2020

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) لندن میں ’’ریپ فری انڈیا‘‘ مہم کا آغاز کر دیا گیا۔ انڈین خواتین کارکنان کے ایک گروپ نے لندن کے انڈرگرائونڈ ٹیوب اسٹیشن پر ایک مہم کا آغاز کر دیا ہے، تاکہ اپنے ملک میں خواتین اور بچوں کے خلاف ریپ کے کیسز پر روشنی ڈالی جائے۔ انہوں نے وزیراعظم نریندرا مودی سے مطالبہ کیا کہ مجرموں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انڈیا میں ریپ کے خلاف یہ مہم لندن کے تین انڈرگرائونڈ سٹیشنز پر دیکھی گئی، جس میں کہا گیا تھا کہ برطانیہ میں انڈینز ریپ متاثرین کے ساتھ ہیں۔ جیو ٹی وی کو دیئے گئے ایک بیان میں ریپ فری انڈیا کمپینرز نے کہا ہے کہ ہم عام خواتین اور مائوں کا ایک عام گروپ ہیں جو اس کاز کے لئے اکٹھے ہوئے ہیں۔ ہمیں دوسرے ہم خیال لوگوں کی حمایت حاصل ہونے پرخوشی ہوئی ہے جوکہ اس کاز کو فروغ دینے کے خواہش مند ہیں اور یہ دیکھ رہے ہیں کہ ہم مل جل کر ایسے مظالم کے خلاف کیا کر سکتے ہیں۔ ریپ فری انڈیا لندن میں پروفیشنل انڈین خواتین کے ذہن کی پیداوار ہے، جو سوشل میڈیا سائٹس کے ذریعے اکٹھی ہوئی ہیں تاکہ انڈیا میں ریپ کے بڑھتے ہوئے کیسز کے دکھ اور حکام کی خواتین، بچوں اور نوعمروں کے خلاف جنسی جرائم میں ملوث مجرموں کے خلاف کارروائی کے نااہل اور خواہش نہ رکھنے والے حکام کے بارے میں معلومات شیئر کی جائیں۔