وزیر کے بھتیجے ظاہر کر کے رقوم بٹورنے والے دو افراد کیخلاف مقدمہ

December 02, 2020

اسلام آباد( خصوصی نامہ نگار)تھانہ بنی کے بعد تھانہ پیرودہائی پولیس نے بھی خود کو وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کے بھتیجے ظاہر کر کے شہریوں سے رقوم بٹورنے والے دونوسربازوں کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ۔ شیخ رشید احمد کے بھتیجے اور انسداد منشیات کے پارلیمانی سیکرٹری شیخ راشد شفیق نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ چار ، پانچ سال سے مختلف گروہ سماجی تنظیموں کی پرچیاں چھپوا کر راولپنڈی کے لوگوں سے رقم وصول کرتے ہیں ۔سی پی او آفس میں ان کی ویڈیوز بھی پڑی ہوئی ہیںجن کے بارے میںپولیس کا کہنا ہے کہ تصدیق کیلئے نادرا ہیڈ کوارٹر ز بھیجی گئی ہیں ،پولیس مقدمہ تو درج کر لیتی ہے مگرنتیجہ نہیںنکلتا ۔ ایف آئی آر کے مطابق سعید احمد نے تھانہ پیرودہائی پولیس کوبتایاکہ دوافراد اعوان کالونی میں آئے اور خود کو شیخ رشید احمد کے بھتیجے رکن قومی اسمبلی شیخ ر اشدشفیق کا بھائی ظاہر کر کے لوگوں سے پیسے بٹورے،یہ لوگ دھوکہ دہی اور فراڈ سے خود کو ان کے رشتہ دار ظاہر کر رہے ہیں۔ یادر ہے کہ انہی نوسر بازوں نے تھانہ بنی کی حدود میں شہریوں سے خطیر رقوم بٹوری اور پھر جب انکا پول کھلنے لگا تو وہ رفو چکر ہوگئے تھے۔