نیب افسران کے نام پر 70لاکھ رشوت لینے کا معاملہ، سماعت 7دسمبر تک ملتوی

December 04, 2020

املتان(سٹاف رپورٹر)احتساب عدالت ملتان کے جج نے نیب افسران کے نام پر 70 لاکھ روپے کی رشوت لینے والے ایگزیکٹو انجینئر محکمہ انہار اور سب انجنئیرز سمیت 5 ملزمان کے خلاف کیس کی سماعت مزید کارروائی کے لیے 7 دسمبر تک ملتوی کرنے کا حکم دیا ہے۔ نیب حکام کے مطابق محکمہ انہار ساہیوال کے ایگزیکٹو انجینئر رانا محمد افضل نسیم ،سب انجینئر رانا اقبال، ملزمان افتخار، عبدالاحد اور شیخ عاصم منظور کے خلاف الزام ہے کہ انہوں نے ڈی ایس سی خوراک لودھراں تنویر نصرت وڑائچ کے خلاف جاری باردانہ کی خریداری کی مد میں مبینہ کرپشن کی نیب انکوائری سے بچانے کے لیے ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب احمد ممتاز باجوہ اور دو اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کے نام پر 70 لاکھ روپے رشوت لی ہے تاہم اس شکایت پر ملزمان کے خلاف ریفرنس تیار کیا گیا ہے جن سے تفتیش جاری ہے۔ دو ملزمان جو کہ سرکاری افسر ہیں ان کی ہائیکورٹ سے ضمانت ہوچکی ہے۔ نیب عدالت نے کیس پر کارروائی کے لیے سماعت ملتوی کردی ہے۔