صوبوں سےوفاق آئے اساتذہ کی واپسی روکنےکی درخواست مسترد، تحریری فیصلہ جاری

December 12, 2020

اسلام آباد ہائی کورٹ نے صوبوں سے وفاق آنے والے اساتذہ کی واپسی روکنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے تحریری فیصلے میں کہا ہے کہ اگر وفاقی نظامت تعلیمات اساتذہ کو واپس ان کے اصل محکموں میں بھجوا رہی ہے تو عدالت نہیں روک سکتی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ڈیپوٹیشن پر وفاق آنے والے درجنوں اساتذہ کی اصل محکموں میں واپسی کے خلاف درخواستیں مسترد کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا ہے ۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اگر اساتذہ کو وفاقی نظامت تعلیمات واپس اصل محکمے بھیج رہی ہے تو عدالت نہیں روک سکتی، 15سال کی ڈیپوٹیشن کے بعد بھی دوبارہ اصل محکموں میں بھیجنے میں کوئی پابندی نہیں ہے، سالوں بعد بھی ڈیپوٹیشن والے اصل محکمے میں واپس جاسکتے ہیں۔

وفاقی نظامت تعلیمات میں ڈیپوٹیشن پر آنے والے اساتذہ ضم نہیں ہوئے، صوبوں سے ڈیپوٹیشن پر آنے والے اساتذہ کی نشستیں اصل محکموں میں موجود ہیں، عدالت نے اساتذہ کو اصل محکموں کو واپس بھیجنے پر حکم امتناع بھی خارج کردیا ہے۔