آئندہ کسی بھی انٹرنیشنل میچ کیلئے محمد عامر کے نام پر غور نہیں کیا جائے گا: پی سی بی

December 17, 2020

کرکٹ مینجمنٹ سے مایوس قومی کرکٹر محمد عامر کے ریٹائرمنٹ کے معاملے پر پی سی بی نے آئندہ کسی بھی انٹرنیشنل میچ کے لیے ان کے نام پر غور نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

فاسٹ باؤلر محمد عامر کی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کی اطلاعات کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے آج دوپہر محمد عامر سے رابطہ کیا۔

29 سالہ فاسٹ باؤلر محمد عامر نے چیف ایگزیکٹو پی سی بی کو تصدیق کی ہے کہ وہ مزید بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کی خواہش نہیں رکھتے۔

وسیم خان نے کہا کہ لہٰذا آئندہ کسی بھی انٹرنیشنل میچ کے لیے ان کے نام پر غور نہیں کیا جائے گا۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا کہ یہ محمد عامر کا ذاتی فیصلہ ہے اور پی سی بی اس کا احترام کرتا ہے، لہٰذا اس معاملے پر مزید کوئی تبصرہ نہیں کیا جائے گا۔