آصف علی زرداری کو سیاست میں صحیح سے کھیلنا آتا ہے، فیصل واوڈا

December 28, 2020

وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے سابق صدر آصف علی زرداری کی تعریفوں کے پُل باندھ دیے۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے شریک آصف علی زرداری کو سیاست میں صحیح سے کھیلنا آتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سابق صدر نے گڑھی خدا بخش میں بینظیر بھٹو شہید کی برسی کے موقع پر جلسے میں زبردست بات کی کہ میں دودھ میں سے مکھی نکال لیتا ہوں۔


وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ انہوں نے دوران خطاب کہا کہ جمہوریت بہترین بدلہ ہے، جس کا مطلب، ’ہمارا استعفیٰ نہیں آنے والا ‘ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا وزیراعظم ہاؤس پہنچنے کا خواب کبھی پورا ہونے والا نہیں ہے۔

فیصل واوڈا نے یہ بھی کہا کہ جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کو پہلے بڑے ماموں بنارہے تھے اب اُن کے بچے ماموں بنارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر آنے والا ہے۔