اعجاز جاکھرانی کی ضمانت میں پھر توسیع

January 12, 2021

سندھ ہائی کورٹ نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے اور اختیارات کے ناجائز استعمال سے متعلق نیب تحقیقات کے الزام میں مشیرِ جیل خانہ جات اعجاز جاکھرانی کی ضمانت میں پھر توسیع کر دی۔

مشیر جیل خانہ جات اعجاز جاکھرانی کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست کی سندھ ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔

قومی احتساب بیورو (نیب) سکھر کے پراسیکیوٹر نے جواب جمع کرانے کے لیے عدالت سے مہلت مانگ لی۔

عدالتِ عالیہ نے نیب پراسیکیوٹر کو پیش رفت سے آگاہ کرنے کا حکم بھی دیا۔

نیب کی جانب سے عدالت میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ مشیرِ جیل خانہ جات اعجاز جاکھرانی کے خلاف 3 انکوائریاں جاری ہیں، ان کے خلاف سکھر میں ایک ریفرنس بھی دائر ہو چکا ہے۔

سندھ ہائی کورٹ نے اعجاز جاکھرانی کی ضمانت میں 22 جنوری تک توسیع کردی۔