عوام آئین کی بالادستی چاہتے ہیں، اختر مینگل

January 19, 2021

بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل کے سربراہ اختر مینگل نے کہا ہے کہ آئین جس کی بنیاد پر ملک کھڑا ہے عوام اُسی دستور کی بالادستی چاہتے ہیں۔

اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے باہر فارن فنڈنگ کیس سے متعلق اپوزیشن احتجاج سے خطاب میں اختر مینگل، آفتاب شیر پاؤ اور امیر حیدر ہوتی نے خطاب کیا۔

اختر مینگل نے کہا کہ عوام آئین کی بالادستی چاہتے ہیں، مساوی حقوق ملنے تک یہ گاڑی آگے نہیں چلے گی۔


انہوں نے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ 7 سال بعد بھی نہ آنے پر تنقید کی اور کہاکہ اگر اسی نوعیت کا معاملہ کسی بلوچستان کی سیاسی جماعت یا لیڈر کے ساتھ ہوتا تو اب تک اُسے لٹکادیا جاتا۔

آفتاب شیر پاؤ نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ کئی برس بعد بھی نہیں آیا، عمران خان نیازی غیر ملکی فنڈنگ کی تلاشی نہیں دے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ ہم سب کا ایک ہی نعرہ اور مطالبہ ہے کہ الیکشن کمیشن فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنائے اور ہمیں انصاف فراہم کرے۔

آفتاب شیر پاؤ نے وزیراعظم عمران خان سے استفسار کیا کہ اگر آپ کے فارن فنڈنگ اکاؤنٹس جائز ہیں تو آپ گھبرا کیوں رہے ہیں؟

امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ منتخب وزیراعظم نواز شریف کو اقامہ کے بے بنیاد کیس میں نااہل قرار دیا گیا۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ ادارے اس سلیکٹڈ کے حوالے سے خاموش کیوں ہیں؟