انڈونیشیا: ماسک نہ پہننے پر بالی میں غیر ملکیوں کو پش اپس کی سزا

January 24, 2021

انڈونیشیا کے سیاحت کے حوالے سے مشہور جزیرہ بالی میں کورونا وائرس کے حوالے سے محفوظ رہنے کے لیے ماسک نہ پہننے والوں کو پش اپ لگانا پڑ رہا ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ وہاں نہ تو کوئی بھاری جرمانہ عائد کیا جاتا ہے اور نہ قید، بلکہ جو غیر ملکی ماسک پہنے بغیر پکڑا جائے اسے غیر عمومی سزا دی جاتی ہے یعنی پش اپس لگوائے جاتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو فوٹیج زیر گردش ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک سیاح جو کہ ٹی شرٹ اور شارٹس میں ملبوس ہے۔ اسے ٹراپیکل گرمی کے اس موسم میں جس میں پسینہ بہہ رہا ہوں پش اپس لگانے کی سزا کا سامناہے۔

یاد رہے کہ انڈونیشیا میں گزشتہ برس حکومت نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے ماسک پہننا لازمی قرار دیا تھا، جس کے بعد بالی میں اس پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جارہا ہے۔

وہاں حکام نے حالیہ دنوں میں ستر غیر ملکیوں کو بنا ماسک کے پکڑا اور ان سے بطور جرمانہ فی کس سات ڈالر وصول کیا، جبکہ 30 کے قریب غیر ملکی سیاحوں کے پاس رقم نہ ہونے پر انھیں پش اپ لگوایا گیا۔