پاکستان میں کرپشن مزید بڑھ گئی: ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل

January 28, 2021


ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے کرپشن سے متعلق عالمی فہرست پر مبنی رپورٹ جاری کر دی جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں کرپشن گزشتہ برس کے مقابلے میں بڑھی ہے۔

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کا جاری کی گئی رپورٹ میں کہنا ہے کہ کرپشن سے متعلق 180 ملکوں کی فہرست میں پاکستان کا رینک 124 ہو گیا ہے۔

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے مطابق 2019ء میں کرپشن سے متعلق اس فہرست میں پاکستان کا رینک 120 تھا، جبکہ 2018ء اس فہرست میں پاکستان کا رینک 117 تھا۔

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان چیپٹر کے چیئرمین سہیل مظفر کے مطابق کرپشن کے اربوں روپے برآمد کرنے کے دعوؤں کے باوجود پاکستان کا رینک 124 ہو گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 2 برس میں قومی احتساب بیورو (نیب) نے کرپشن کے 365 ارب روپے برآمد کرنے کا دعویٰ کیا۔

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان چیپٹر کے چیئرمین کا مزید کہنا ہے کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے 2 برس میں کرپشن کے 300 ارب روپے برآمد کرنے کا دعویٰ کیا۔

سہیل مظفر کا یہ بھی کہنا ہے کہ نیب اور پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی برآمدگیوں کی یہ خبریں میڈیا میں نشر اور شائع ہو چکی ہیں۔