شفقت محمود کی دورۂ مکلی میں گاڑی خراب

January 28, 2021


وفاقی وزیر شفقت محمود نے مکلی قبرستان کا دورہ کیا اس دوران شٹل سروس خراب ہوگئی اور مجبوراً انہیں گاڑی سے اترنا پڑا۔

وفاقی وزیر تعلیم و قومی ورثہ مکلی قبرستان کے دورے پرپہنچے جہاں تاریخی قبرستان کے دورے کے دوران ان کی گاڑی خراب ہوگئی، کچھ دیر تک ڈرائیور گاڑی ٹھیک کرنے کی کوشش کرتا رہا لیکن مجبوراً انہیں گاڑی سے اتر کر پیدل چلنا پڑا بعد میں متبادل گاڑی منگوائی گئی اور پھر شفقت محمود اور دیگر اہم شخصیات کو متبادل گاڑی میں سوار کرایا گیا۔

دورے کے موقع پر وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود کو مکلی قبرستان سے متعلق بریفنگ دی گئی ، وفاقی وزیر نے کہا کہ مکلی ہیریٹیج سائٹ دیکھنے آیا ہوں ،سیاحت کے لئے ان پر کام کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت بہتری کے لئے کام کر رہی ہے،میرے دورے کا مقصد قومی ورثے کو دیکھنا ہے۔

شفقت محمود نے کہا کہ کورونا وباء کے دوران تمام فیصلے مشاورت سے کیے ہیں، کورونا کے دوران تعلیم کا بھی بہت نقصان ہوا ہے، تعلیمی سال بھی بڑھایا اور بچوں کو بغیر امتحانات پروموٹ بھی کیا، تاہم اب یکم فروری سے تمام تعلیمی ادارے کھل جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن صاف شفاف چاہتے ہیں تاکہ سب کو نظر آسکے۔