والدہ کے بغیر دُنیا بےمعنی لگ رہی ہے: شان شاہد

January 31, 2021

پاکستان فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ نیلو بیگم کے بیٹے اداکار شان شاہد نے سوشل میڈیا پر اپنی مرحومہ والدہ کے لیے جذباتی پیغام جاری کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شان شاہد نے اپنی مرحومہ والدہ کے ہمراہ ماضی کی اپنی یادگار تصویر شیئر کی۔

ٹوئٹر پر تصویر شیئر کرتے ہوئے شان شاہد نے کہا کہ ’مجھے سمجھ نہیں آرہا کہ میں کیا لکھوں، میرے پاس الفاظ ختم ہوگئے ہیں۔‘

شان شاہد نے جذباتی ہوتے ہوئے کہا کہ ’والدہ کے بغیر تو یہ دُنیا بےمعنی سی لگ رہی ہے کیونکہ میری کامیابی اور ناکامی دونوں کو میری والدہ کی شدید ضرورت ہے۔‘

اداکار نے کہا کہ ’بس یہ اُمید ہے کہ میں ایک دن اور اُن سے ملاقات کرسکتا ہوں۔‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’میں ہمیشہ والدہ سے محبت کرتا رہوں گا۔‘

واضح رہے کہ ماضی کی معروف اداکارہ نیلو بیگم لاہور میں انتقال کرگئیں، ان کی عمر 80 سال تھی، نیلو بیگم فلم ڈائریکٹر مرحوم ریاض شاہد کی اہلیہ اور اداکار شان کی والدہ تھیں جبکہ ان کا اصل نام عابدہ ریاض تھا۔

اداکارہ نیلو بیگم کے انتقال کی خبر ان کے بیٹے اداکار شان نے اپنے ٹوئٹ کے ذریعے دی تھی۔

وہ کافی عرصے سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھیں۔ اداکارہ نیلو 1940 میں بھیرہ میں پیدا ہوئیں، 1956میں فلم ’بھوانی جنکشن‘ میں بطور چائلڈ اسٹار کام کیا۔