رنگ چہرے پہ گُھلا ہو جیسے....

February 07, 2021

تحریر: عالیہ کاشف عظیمی

ماڈل: سیمی

آرایش: روز بیوٹی پارلر

عکّاسی: ایم کاشف

لے آئوٹ:نوید رشید

سرما رُت میں صرف پیراہن ہی کے نہیں، بناؤ سنگھار کے بھی رنگ و انداز بدل جاتے ہیں۔ جیسا کہ گرمیوں میں سجنے سنورنے کے لیے آئل فِری میک اپ استعمال کیا جاتا ہے، تو سردیوں میں قدرے کم آئلی بیس کا (جو میٹ بھی ہو) استعمال موزوں رہتا ہے۔ فیس کمپیکٹ بھی آئل فِری نہیں ہونا چاہیے، جب کہ بلش آن براؤن کے بجائے ہلکے شیڈز جیسے لائٹ پنک، لائٹ پِیچ اور بیج رنگ میں منتخب کیا جائے اور اگر لیکوئیڈ ہو، تو زیادہ بہتر رہتا ہے۔

اِسی طرح اسموکی آئی میک اپ بھی طویل عرصے سے فیشن میں اِن ہے۔ یوں تو اسموکی آئیز کے لیے سیاہ اور گِرے شیڈز ہی زیادہ پسندیدہ ہیں، لیکن ڈارک پنک، کاپر، ڈارک گرین، ڈارک بلیو، چاکلیٹ براؤن اور پرپل بھی استعمال ہورہے ہیں۔ خاص طور پر رات کی تقریبات کے لیے اسموکی شِمر آئی میک اپ بہت پسند کیا جارہا ہے۔اِسی طرح سردیوں میںلپ اسٹکس کے کلاسک، چیری، سُرخ، عنّابی، پِیچ، میجنٹا، آتشی گلابی، جامنی اور میٹیلک شیڈز خاصے پسند کیے جاتے ہیں۔

چوں کہ آج کل شمِر اسموکی میک اپ خاصا اِن ہے، توہم نے بھی اپنی آج کی بزم، آرایشِ حُسن کے اِسی ٹرینڈ سے مرصّع کرلی ہے۔ ذرا دیکھیے، ماڈل نے سیاہ پیراہن کے ساتھ کس قدر حسین میک اپ کیا ہے۔ آنکھوں پر گولڈن بیس کے ساتھ لائٹ اور ڈارک کاپر شیڈز اپلائی کیے گئے ہیں، تو ساتھ سلور شِمری ہائی لائٹر بھی استعمال کیا گیا ہے۔

جب کہ آنکھوں کے نیچے قدرے گہری شائننگ گولڈن براؤن پینسل لگائی گئی ہے۔ ساتھ ہلکی گلابی گلاسی لپ اسٹک کا استعمال خاصا سافٹ لُک دے رہا ہے۔ اِسی طرح نیٹ کے سیاہ رنگ لباس کے ساتھ آنکھوں کے میک اپ کے لیے سُرمئی اور سیاہ شیڈز منتخب کیے گئے ہیں،جب کہ اسموکی لُک دینے کے لیے سلور ہائی لائٹر اور پینسل استعمال کی گئی ہے،تو ڈارک عنّابی رنگ لپ اسٹک بھی میک اپ کی مناسبت سے بہت حسین لگ رہی ہے۔

سیاہ شرٹ اور ڈینم جیکٹ کے ساتھ(جس پر سفید رنگ موتی کی آرایش ہے) کلاسک ریڈ لپ اسٹک اور لائٹ گولڈن براؤن شِمری میک اپ خوش گوار تاثر دے رہا ہے، جب کہ ایک اور رُوپ میں(جس میں ماڈل نے سیاہ شرٹ کے ساتھ سُرخ و سفید کے امتزاج میں پرنٹڈ اسٹول لپیٹ رکھا ہے)آنکھوں کو لائٹ شِمری اسموکی لُک دینے کے لیے شائننگ گولڈن، پنک اور سِلور رنگوں کواس نفاست سے بلینڈ کیا گیا ہے کہ ہر رنگ خُوب کِھلا کِھلا سا تاثر دے رہا ہے، تو سافٹ میک اپ کے ساتھ چیری ریڈ لپ اسٹک بھی خُوب غضب ڈھا رہی ہے۔

کہیے، کیسی لگی آپ کو، موسم کی مناسبت سے میک اپ کے جدید انداز سے آراستہ ہماری یہ بزم؟