کورونا سے موثر انداز میں نمٹنے کیلئے قیادت پارلیمان خود سنبھالے، فافن

March 03, 2021

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)فافن نے کہا ہے کہ کوروناسے قومی سطح پر موثر انداز میں نمٹنے اور اٹھائے گئے اقدامات کی شفافیت پر عوامی اعتماد کو یقینی بنانے کے لئے قیادت اور رہنمائی کا فریضہ پارلیمان خود سنبھالے، تیسری لہر کے سر اٹھانے کے خدشات بدستور موجود ہیں منتخب نمائندے اس چیلنج کو سنجیدہ لیں اور قومی پالیسی اور اس وبائی مرض سے نمٹنے کی کوششوں کی قیادت کیلئے آگے بڑھیں۔ فافن کی جانب سے کووڈ 19 پر جاری چوتھی گورننس مانیٹرنگ رپورٹ کے مطابق ، جنوری میں 1،425 افراد کا کورونا کے باعث جان کھو دینا مرض کے پھیلاؤ کے خدشات کو تقویت دیتا ہے۔ سماجی فاصلاتی رہنما اصولوں پر عمل در آمد کی شرح دسمبر 2020 میں 83 فیصد تھی جو جنوری 2021میں کم ہو کر 59 فیصد رہ گئی ۔ اسی طرح ، ماسک پہننے کی ضروریات کی تعمیل بھی دسمبر 2020میں 83 فیصد تھی جو جنوری 2021میں 69 فیصد مشاہدہ کی گئی ، رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ طبی عملہ کے بڑے پیمانے پر متاثر ہونے کی شکایات پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے تاکہ کورونا مریضوں کی صحت کی دیکھ بھال میں اہم کردار کے حامل اس گروپ کے افراد ویکسینیشن مہم کے دوران بھی زیادہ دلجمعی کیساتھ اور موثر انداز میں اپنے فرائض کی ادائیگی کے قابل رہیں۔