عمران خان کوپتا ہی نہیں ریاست مدینہ کیا ہے، حسن نثار

March 08, 2021

کراچی ( ٹی وی رپورٹ )جیو نیوز کے پروگرام ”میرے مطابق“ سینئر تجزیہ کار حسن نثار نے کہا ہے کہ پاکستان کا بنیادی مسئلہ اخلاقیات کا ہے، عمران خان کوپتا ہی نہیں ریاست مدینہ کیا ہے، ڈسکہ میں جمہوری ڈسکو ڈانس پیش ہوا تھا کل اسمبلی کے باہر پارلیمانی بھنگڑا ڈالا گیا،ن لیگ والے ڈھیٹ اور بے شرم لوگ ہیں کل یوسف رضا گیلانی کو نااہل کروایا آج ان کے سینیٹر بننے پر خوشیاں منارہے ہیں۔

وہ جیو نیوز کے پروگرام ”میرے مطابق“ میں میزبان مریم ظفرسے گفتگو کررہے تھے۔حسن نثار نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں بہت عرصہ سے لکھ رہا ہوں کہ پاکستان کا بنیادی مسئلہ اخلاقیات کا ہے، اقتصادیات کا مسئلہ بھی دراصل اخلاقیات کا ہوتا ہے، عمران خان نے ٹھیک کہا ہے لیکن پتا نہیں اسے سمجھ ہے بھی یا نہیں، شاید میرا کالم کسی نے اٹھا کر اسے پکڑادیا ہوگا، ہم جیسے معاشروں میں اخلاقیات کو چند سطحی چیزوں کے ساتھ کنفیوژ کیا جاتا ہے، اپنے کام کو ترجیح دینا، اچھے کام پر فخر کرنا، جھوٹ نہ بولنا، ملاوٹ نہ کرنا، بددیانتی نہ کرنا اور ڈسپلن یہ سب اخلاقیات کا حصہ ہے۔

حسن نثار کا کہنا تھا کہ عمران خان ریاست مدینہ کی بات کرتے ہیں انہیں پتا ہی نہیں ریاست مدینہ کیا ہے، ریاست مدینہ بنیادی طور پر آدمی کوا نسان بنانا ہے، ہمارے نام نہاد سیاسی لیڈروں کا گھٹیا پن اس سطح پر ہے کہ کہتے ہیں میرے اثاثے میری آمدنی سے زیادہ ہیں تو کسی کو کیا تکلیف ہے۔